Home » Pakistani Headlines » اقتصادی ترقی اور ٹیکسوں کے اہداف حاصل نہیں کرسکے :اسحاق ڈار

اقتصادی ترقی اور ٹیکسوں کے اہداف حاصل نہیں کرسکے :اسحاق ڈار

282848_55137318اقتصادی ترقی کی شرح چار اعشاریہ چوبیس فیصد رہی جو سات سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے :وزیر خزانہ

اسلام آباد اقتصادی سروے جاری کر دیا گیا جس میں غربت اور بیروزگاری کے اعداد و شمار گول کر دیئے گئے ، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اقتصادی ترقی اور ٹیکسوں کے اہداف حاصل نہ ہوسکے لیکن سات سال میں ترقی کی شرح سب سے زیادہ رہی ۔ مالی سال دو ہزار چودہ دو ہزار پندرہ کی معاشی کارکردگی کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اقتصادی ترقی کی شرح چار اعشاریہ چوبیس فیصد رہی جو سات سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے ۔ اس سال بھی ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کے ہدف کا حصول خواب ہی رہا ۔ مالی سال میں ٹیکسوں سے دو ہزار چھ سو پانچ ارب روپے حاصل ہوں گے ۔ تاہم اچھی خبر یہ ہے حکومت نے مہنگائی کا ہدف آٹھ فیصد مقرر کیا تھا لیکن مہنگائی توقعات سے کم رہی ۔ مہنگائی کی شرح چار اعشاریہ چھ پانچ فیصد رہی ۔ ایک اور اہم خبر یہ ہے کہ اس سال سود کی شرح میں تین فیصد کمی ہوئی جو اب سات فیصد ہے ۔ ایک سال میں فی کس آمدنی میں 129 ڈالر کا اضافہ ہوا ۔ اس سال کے اختتام پر فی کس آمدنی 1513 ڈالر رہے گی ۔ غریبوں کے لیے حکومت نے اس سال تین کروڑ لوگوں کو 97 ارب روپے کی کیش مدد فراہم کی اگلے سال اس میں مزید اضافہ ہو گا ۔ لوڈ شیڈنگ تو اس سال بھی ختم نہیں ہوئی لیکن دو ہزار سترہ کے وعدے ضرور کیے گئے ۔ وفاقی وزیر خزانہ کے مطابق دسمبر دو ہزار سترہ تک 7000 میگا واٹ کے منصوبے مکمل ہو جائیں گے ۔ ایل این جی کے ذریعے بجلی کی پیداوار کے 3600 میگاواٹ کے منصوبے بھی دسمبر دو ہزار سترہ میں مکمل ہوں گے ۔ ایل این جی کو بندرگاہ سے پاور پلانٹس تک پہنچانے کے لیے جو انفراسٹرکچر لگایا جائے گا اس پر 116 ارب روپے کی لاگت آئے گی ۔ اکنامک سروے کے مطابق چودہ سال میں پاکستانی معیشت کو دہشت گردی کی وجہ سے 107 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تاہم اس سال یہ نقصان ساڑھے چار ارب ڈالر رہا ۔ مشینری اور اہم خام مال کی درآمدات میں اضافہ ہوا جو ملکی معیشت کے لیے بہتر ہے ۔ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی کمی آئی ۔ زرعی شعبہ بھی بہتر کارکردگی نہ دکھا سکا ۔ اس سال دس ماہ میں پاکستانیوں نے بیرون ممالک سے 15 ارب ڈالر پاکستان بھیجے تاہم پاکستانی روپیہ مستحکم رہا ۔

Check Also

معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز 84 برس کی عمر میں‌ انتقال کر گئے

لاہور: معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز انتقال کر گئے، انہوں نے فلموں میں بھی …