Home » Pakistani Headlines » امریکہ پاکستانی میزائل پروگرام کے بعض حصے روکنے ، یورینئم کی افزودگی کم کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہاہے : مشیر خارجہ

امریکہ پاکستانی میزائل پروگرام کے بعض حصے روکنے ، یورینئم کی افزودگی کم کرنے کیلئے دباؤ ڈال رہاہے : مشیر خارجہ

musheer

اسلام آباد (ویب ڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر قدغن لگانا چاہتا ہے جسے پاکستان نے مسترد کر دیا ہے۔ سرتاج عزیز نے قدغن کی وضاحت نہیں کی تاہم مقامی اخبار  کے مطابق یہ معاملہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان سیاسی و سفارتی اور عسکری سطح پر ہونے والے تمام مذاکرات کا اہم موضوع رہا ہے۔ اس ذریعہ کے مطابق امریکہ نہ صرف ایٹمی پروگرام بلکہ پاکستان کے میزائل پروگرام کے بعض حصے روکنے پر دباؤ ڈال رہاہے ۔

امریکہ کی خواہش ہے کہ پاکستان چھوٹے ایٹمی ہتھیاروں’’ ٹیکٹیکل نیوکلیئر ویپنز‘‘ کی تیاری روک دے۔اس خواہش کے پس پردہ بظاہر یہ خدشات ہیں کہ چھوٹے ایٹمی ہتھیار،میدان جنگ میں نصب کئے جاتے ہیں اور مقامی فوجی کمانڈروں کی صوابدید پر ہوتے ہیں جس کے باعث ایسے ایٹمی ہتھیاروں کی سلامتی مشکوک ہو جاتی ہے۔

روزنامہ نوائے وقت کے مطابق امریکہ کا دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ پاکستان پلوٹونئیم کی پیداوار کی مقدار اور رفتار کم کر دے۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے  کہ ایٹمی ہتھیاروں میں یورینئم کی بھاری مقدار جبکہ پلوٹونیم کی بہت کم مقدار استعمال ہوتی ہے۔ پلوٹونئیم کی پیدوار کم کرنے کا مطلب ایٹمی توازن کو بھارت کے حق میں کر ناہے ۔

تیسرا امریکی مطالبہ یہ ہے کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہونے والے مواد یعنی افزودہ یورینئم اور پلوٹونئیم دونوں کی پیداوار کم کرے اور افزودہ مواد کی روک تھام کے زیر غور عالمی معاہدے ’’ایف ایم سی ٹی‘‘ کی مخالفت ترک کر دے۔

رپورٹ کے مطابق  ’کانفرنس آن ڈس آرمامنٹ‘ کے پلیٹ فارم سے اس معاہدہ پر غور ہو رہا ہے لیکن پاکستان کا مطالبہ ہے کہ افزودہ مواد پر پابندی آئندہ سے عائد نہ کی جائے بلکہ اس مواد کے موجودہ ذخائر کو بھی معاہدہ کے تحت لا کر ان کی مقدار کا تعین کیا جائے۔پاکستان پر پہلی مرتبہ دباؤنہیں ڈالا جارہا بلکہ  کلنٹن کی صدارت کے دوران پاکستان پر سی ٹی بی ٹی قبول کرنے کا بھی دباؤ رہا اور اب  تیسرے مرحلہ میں پاکستان کے ایٹمی و میزائل پروگرام کی مزید ترقی رکوانے کیلئے کوشاں ہے۔

Check Also

معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز 84 برس کی عمر میں‌ انتقال کر گئے

لاہور: معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز انتقال کر گئے، انہوں نے فلموں میں بھی …