Home » Interesting News » دوران پرواز میوزک سننے کے بعد خاتون کے ہیڈ فون میں آگ لگ گئی، چہرہ، گردن، بال اور ہاتھ جھلس گئے

دوران پرواز میوزک سننے کے بعد خاتون کے ہیڈ فون میں آگ لگ گئی، چہرہ، گردن، بال اور ہاتھ جھلس گئے

aag

لاہور(  پاکستان ) ہوائی جہاز میں سفر کے دوران ہیڈ فونز لگا کر میوزک سننا ہر کسی کو پسند ہوتا ہے لیکن بیجنگ سے میلبورن جانے والی پرواز میں سوار ایک مسافر خاتون کو یہ شوق خاصا مہنگا پڑا کیونکہ اس کے ہیڈ فون کی بیٹری نے آگ پکڑ لی جس کے باعث اس کا چہرہ، گردن، ہاتھ اور بال جل جھلس گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایک مسافر خاتون جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، بیجنگ سے میلبورن جانے والی پرواز میں سوار ہوئی تو میوزک سننے کیلئے ہیڈ فون لگا لیا۔ تھوڑی ہی دیر بعد ہیڈ فون میں موجود بیٹری نے آگ پکڑ لی جس کے باعث خاتون کا چہرہ، گردن، بال اور ہاتھ جھلس گئے اور پھر دھماکے سے ہیڈ فون ہی پھٹ گیا۔

 خاتون نے آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کے اہلکاروں کو بتایا کہ ”میں جیسے ہی مڑی تو اپنے چہرے پر جلن محسوس کی، میں نے اپنے چہرے کو پکڑا جس کے باعث ہیڈ فون کانوں سے اتر کر گردن کے گرد آ گیا۔ مجھے جلن محسوس ہوتی رہی جس پر میں نے ہیڈ فون اتار کر جہاز کے فرش پر پھینک دیا۔ اس میں سے چنگاریاں نکل رہی تھیں اور ہلکی آگ بھی لگ چکی تھی۔“

خاتون نے بتایا کہ ”جہاز کا عملہ مدد کیلئے پہنچا اور پانی سے بھری ایک بالٹی ہیڈ فونز پر گرا دی، لیکن بیٹری اور اس کا کور، دونوں ہی پگھل کر فرش کے ساتھ چپک چکے تھے۔لوگ کھانس رہے تھے اور پوری پرواز کے دوران ان کی یہی حالت رہی۔“

 ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو نے پرواز کا نام ظاہر نہیں کیا البتہ وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ہیڈ فونز میں موجود لیتھیم آئیون بیٹری کو آگ لگی۔ بیورو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ”جیسا کہ بہت زیادہ آلات میں بیٹریوں کا استعمال ہو رہا ہے، اس لئے پرواز کے دوران پیش آنے والے مسائل کے امکانات بھی بڑھ چکے ہیں۔“

 بیورو نے مسافروں کی حفاظت کیلئے یہ تجویز بھی دی ہے کہ جہاز میں سفر کے دوران بیٹری سے چلنے والی چیزوں کو استعمال نہ ہونے کی صورت میں محفوظ جگہ پر رکھنا چاہئے۔

 واضح رہے کہ دنیا بھر کی تقریباً تمام ائیرلائنز نے بیٹریوں کے پھٹنے کے واقعات سامنے آنے کے بعد سام سنگ کے سمارٹ فون گلیکسی نوٹ 7 کو جہاز میں لانا ممنوع قرار دیدیا تھا جبکہ ان واقعات کے تسلسل کے باعث سام سنگ نے فروخت کئے گئے تمام نوٹ 7 بھی واپس منگوا لئے تھے اور بالآخر ان کی پروڈکشن بھی بند کر دی تھی۔

 #paksa
#paksa.co.za

Check Also

تیزی سے پیٹ کی چربی پگھلانے والی 4 ورزشیں

دنیا بھر میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران اگر آپ کا بھی وزن بڑھ گیا …