Home » Sports News » دورہ سری لنکا: گرین شرٹس کی صلاحیتوں کی آج آزمائش

دورہ سری لنکا: گرین شرٹس کی صلاحیتوں کی آج آزمائش

Captureسری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف تین روزہ ٹور میچ کیلئے کولٹس کرکٹ ا سٹیڈیم میں قدم رکھیں گے ،کوچزکی نگرانی میں بیٹنگ،بالنگ اور فیلڈنگ کی خامیاں دور کیلئے بھرپورپریکٹس کی گئی اکٹھے ٹریننگ کا موقع نہیں مل سکا ، کمی پوری کرنے کی کوشش کریں گے ،مصباح ، میزبان ٹیم کو گھیرنے کیلئے منصوبہ بندی کرلی، ون ڈے میں سینئرکھلاڑیوں کی غیر حاضری کا فائدہ اٹھائیں گے ، کوچ

کراچی(اسپورٹس ڈیسک) پاکستان اور سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے درمیان تین روزہ پریکٹس میچ آج شروع ہوگا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئے اپنے ہتھیار چمکالئے ہیں۔پریکٹس سیشنز کے دوران بیٹنگ ،بالنگ اور فیلڈنگ کی خامیاں دور کرنے کیلئے بھرپورمحنت کی گئی ، ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی شاہین آج سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کیساتھ پریکٹس میچ میں پنجہ آزما ہوں گے ۔پاکستانی ٹیم نے ٹیسٹ سیریز کیلئے گزشتہ روز کولمبوکے کولٹس کرکٹ اسٹیڈیم میں بھر پور پر یکٹس کی ۔ کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ وقار یونس اور دیگر کو چز کی نگرانی میں نیٹ پریکٹس کے علاوہ بیٹنگ،بالنگ اور فیلڈنگ کی خامیاں دور کرنے کی بھر پور کوشش کی۔ اس موقع پر ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کا کہناتھا کہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور سیریز میں بہترین کار کردگی پیش کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ قومی ٹیم کو سری لنکا روانگی سے پہلے ایک ساتھ پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا تھا جس کی کمی ہم آئندہ چند دن میں پوری کرنے کی کوشش کرینگے ۔ قومی ٹیم کے سری لنکا کے دورے کا باقاعدہ آغاز آج سے کولمبو میں سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کیخلاف پریکٹس میچ سے ہوگا جس کے بعد مصباح الحق الیون گال روانہ ہوجائے گی جہاں مہمان اور میزبان ٹیم کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ17 جون سے شروع ہوگا۔ بدھ کوسری لنکن کھلاڑی بھی آر پریما داسا اسٹیڈیم کولمبو میں اپنی خامیوں کو دور کرتے نظر آئے ۔ پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ مہیلا جے وردنے اور کمار سنگا کارا سری لنکن ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی تھے اور گزشتہ دھائی سے سری لنکن بیٹنگ لائن کے لئے تحریک کا ذریعہ بنے رہے ۔ اب یہ دونوں کھلاڑی مختصر فارمیٹس سے ریٹائرہو چکے ہیں جس سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوا اور سری لنکن سرزمین پر ون ڈے سیریز جیتنے کے مواقع بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دورہ سری لنکا میں پانچ ون ڈے میں سے تین میچز جیت سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ مہیلا جے وردنے اور کمار سنگا کارا نے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااعلان کردیا تھا۔ وہ اگست میں بھارت کے خلاف سیریز تک ٹیسٹ کرکٹ جاری رکھیں گے ۔ وقار یونس کا کہنا ہے کہ جب بھی دو بہترین کھلاڑیوں کی خدمات سے ایک ہی وقت میں محروم ہونا پڑے تو متبادل کی تلاش میں وقت درکار ہوتا ہے ، سری لنکن ٹیم ہماری طرح ون ڈے میں تنظیم نو کے عمل سے گزر رہی ہے او ر ان کا اپنے کامبی نیشن پر دھیان ہے لہٰذا پر اعتماد ہیں کہ پانچ ون ڈے میں سے تین میچز تو جیت ہی سکتے ہیں جو چیمپئنز ٹرافی میں جگہ بنانے کیلئے درکار ہیں۔ وقار یونس کا کہنا تھا کہ مہیلا جے وردنے اور کمار سنگا کارا کے کیریئر اور ٹیم کیلئے مختصر طرز کے مقابلوں میں رنز کو دیکھا جائے تو اس سے میری توقعات کو سمجھا جا سکتا ہے ، میں یہ نہیں کہتا کہ سری لنکن ٹیم کو آسان لیا جاسکتا ہے کیونکہ وہ ہمیشہ سے اپنی سرزمین پر مختلف روپ میں نظر آتی ہے اور اس کے پاس اب بھی چند ٹاپ کلا س کھلاڑی موجود ہیں مگر حالیہ سالوں میں اسے اپنے دو ٹاپ کلاس کھلاڑیوں سے محروم ہونا پڑا ہے ۔ انہوں نے پاکستانی اسکواڈ پر اعتماد ظاہر کیا کہ کھلاڑی ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں اپنے اہداف کو حاصل کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی لینڈرز کو دونوں فارمیٹس میں گھیرنے کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے اور امید ہے کہ نتائج حوصلہ افزاء رہیں گے ۔ واضح رہے کہ وقار یونس نے گزشتہ جون میں پاکستانی ٹیم کی کوچنگ دوبارہ سنبھالی تھی جس کے بعد گرین شرٹس کو مسلسل پانچ ون ڈے سیریز میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تاہم یہ سلسلہ زمبابوے کے خلاف دو ،صفر کی جیت سے ختم ہوا۔وقار یونس کا کہنا ہے کہ بطور کوچ ہمیشہ سے دباؤ رہتا ہے ، اس وقت بھی جب آپ جیت رہے ہوں۔ بدقسمتی سے پانچ سیریز میں شکست ہوئی مگر بہت سے عوامل پر توجہ دینے کی ضرور ت ہے ۔ ان میں سب سے بڑا سعید اجمل سے محروم ہونا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور سری لنکا دونوں تنظیم نو کے عمل سے گزر رہے ہیں ۔ میزبان ٹیم بھی اپنے سینئر پلیئرز سے محروم ہے جبکہ ہم بھی اپنے چند تجربہ کار کھلاڑیوں کو کھو چکے ہیں لہٰذا ون ڈے ٹیموں کی تشکیل نو کیلئے وقت چاہئے تاہم سری لنکن ٹور کی سختی سے غافل نہیں ہیں۔

Check Also

#paksa #paksa.co.za بابراعظم نے دنیا بھر کے بلے بازوں پو پچھاڑ دیا ، سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا

دبئی (آن لائن )پاکستان نے گزشتہ روز آسٹریلیا کو ٹی ٹوینٹی میچ میں شکست دے …