Home » Interesting News » ستاروں اور سیاروں کی روشنی میں 2016ء کیسا رہے گا؟

ستاروں اور سیاروں کی روشنی میں 2016ء کیسا رہے گا؟

news-1451572464-3058_large

قدیم اور جدید سائنٹفک نظریات اور مشاہدات سے یہ تسلیم شدہ امر ہے کہ نظام شمسی اور نظام عضابی کا آپس میں گہرا تعلق ہے اس لیے سیارگان کی شعاعیں ہمیں اور ہمارے امور متاثر کرتی ہیں کیونکہ یہ برقی مقناطیسی شعاعیں انسانی جسم کا احاطہ کئے ہوئے ہیں۔ اس لیے ہمارے خیالات‘ عادات‘ مزاج اور رنگ روپ پر اثرانداز ہوتی ہیں اور ہمارے جذبات میں بھی حرکات پیدا کرتی ہیں۔ تمام برجوں کے حالات اجتماعی نقطہ نظر کے پیش کئے جاتے ہیں۔ ستاروں کی یہ پوزیشن بے حد فائدہ بھی دیتی ہیں اور بعض اوقات بری طرح متاثر بھی کرتی ہیں لیکن انسان ان کی پوزیشن بدلنے سے قاصر ہوتا ہے ان کی نحوست ختم کرے کیلئے رجوع الٰہی اور صدقہ خیرات سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی قارئین کی دلچسپی کے پیش نظر سیاروں اور ستاروں کی پوزیشن اور حرکات و سکنات کے حوالے سے 2016ءکا مکمل جائزہ پیش خدمت ہے۔

برج حمل (سیارہ مریخ)21 مارچ سے 20 اپریل تک،نام کے پہلے حروف: ا۔ ل۔ ع۔ ی
برج حمل والوں کیلئے 2015ءقدرے آزمائشی سال رہا ہے کبھی تو اتنا سخت وقت آیا کہ خود کو بند گلی میں تصور کیا اور کبھی بندش کا سامنا رہا۔ حالات تھے کہ قابو میں آنے کا نام ہی نہیں لے رہے تھے مگر اب بحکم اللہ 2016ءکا آغاز ہو رہا ہے اور اللہ نے چاہا تو یہ آپ کیلئے شروع سے ہی آسانیاں دے گا۔ جنوری سے مارچ تک کا عرصہ آپ کے مستقبل کے بارے میں آگاہی بھی دے گا اور آپ کے لئے ایک نئے راستے کا تعین بھی ہوگا۔ خاص طور پر مالی معاملات میں جتنی بھی خرابیاں‘ نحوست اور بے برکتی تھی وہ سب ختم ہو جائیں گی انشاءاللہ۔ آپ ایک اہم‘ اچھے اور خوبصورت سفر کیلئے خود کو تیار کرلیں گے۔ چونکہ آپ نے سب کو آزما لیا ہے‘ اب اپنے بازو آزمائیں گے اور آپ کی محنت ہی سے بہت کچھ بدل جائے گا اور اللہ نے چاہا تو اس کے ساتھ ساتھ آپ کو غیبی مدد ملتی رہے گی۔ اب آپ ایک سچی توبہ بھی کرلیں اور دوبارہ ان معاملات کی طرف نہ جائیں جو آپ کیلئے خوف‘ دکھ کا باعث بنے تھے۔ اس عرصے میں ایک خاص بات یہ بھی ہونے کا امکان ہے کہ آپ کے ساتھ ماضی میں اپنوں اور غیروں نے جو سلوک کیا تھا‘ آپ ان کو بھی مدنظر رکھ کر ان سے کافی حد تک دوری اختیار کرلیں گے جو کہ حاسدین سے بچنے کا بھی اہم قدم ہوگا اور فی الحال اسی میں بہتری ہے۔ آپ کو اپنی تمام توجہ روزگار اور اپنی فیملی پر لگانی ہے اور اللہ کے حکم سے آپ کو ان معاملات میں بے حد آسانیاں ملیں گی۔ آپ کو اس عرصے میں اگر تبدیلی کے حوالے سے آفر ملیں تو ان کے بارے میں اچھی طرح غور و فکر اور استخارہ کرکے ان کو قبول کرلینے میں ہی آپ کا فائدہ ہوگا۔ آپ سال کی ابتداءمیں ہی اگر جیب اجازت دے تو بکرے کا صدقہ دیں ورنہ حسب توفیق راشن ضرور کسی غریب کو لے کر دیدیں۔ اپریل سے جون تک کا عرصہ بھی آپ کیلئے بڑا اچھا رہے گا۔ اس دوران بھی آپ کا فوکس زیادہ تر روزگار رہے گا اور اولاد کے معاملات پر توجہ مرکوز رہے گی۔ آپ کو روزگار میں تبدیلی کی آفر بھی آسکتی ہے اور ایک وقت میں دو کام بھی چلنے کی خوشخبری مل سکتی ہے۔ بہرحال آپ کو اردگرد کے ماحول سے بے نیاز ہوکر ان دو کاموں پر غور کرنا ہوگا۔ اس وقت آپ کی دلی کیفیت صاف ہونی چاہئے یعنی دل کے معاملات کا اس دوران کوئی حصہ نہیں ہوگا اور اگر آپ نے اس کو چھیڑنے کی کوشش کی تو پھر آپ اپنی پٹری سے اتر جائیں گے اور بہت کچھ خراب ہو جائے گا۔ اس کو زبردست وارننگ سمجھ کر اپنے ذہن میں رکھیں البتہ جائز انداز میں رشتہ طے ہونے اور شادی کے معاملات چلانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ اللہ پاک نے چاہا تو اس میں کامیابی بھی ہے جو لوگ بیرون ملک جانے کے خواہش مند ہوں وہ خاص طور پر مئی میں ضرور کوشش کریں۔ ان کی کوشش بحکم اللہ ضرور رنگ لائے گی۔ اس عرصے میں تعلیم کے حوالے سے بھی اچھی خبریں ملیں گی اور اولاد کے مستقبل کا فیصلہ بھی اسی دوران ہونے کے امکانات روشن ہوں گے۔ کاورباری حضرات جو عرصہ دراز سے مالی مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔ مشتری اور عطارد کے شاندار ملاپ کی وجہ سے ان کو کمال انداز سے پیسہ آتا دکھائی دے گا۔ بس ایسا سمجھ لیں کہ دو تین بڑے چیک ان کے تمام سابقہ نقصانات کا ازالہ کردیں گے۔ جولائی سے ستمبر کا عرصہ گھریلو معاملات‘ خانگی امور‘ نیا رشتہ طے ہونے اور تبدیلی گھر کے حوالے سے بڑا ہی اہم ثابت ہوگا۔ اس میں سب سے پہلے ان معاملات کو حل کرنا ہوگا جس کا تعلق گھر سے ہوگا۔ گھر میں اگر پیسہ ٹھیک آ رہا ہے تو سب سے اچھی بات ہے ورنہ کشیدگی اسی وجہ سے ہوسکتی ہے۔ آپ نے نہایت تحمل سے وقت گزارنا ہے۔ وقتی تنگی تو ہوسکتی مگر یہ کیفیت مستقل طور پر نہیں رہے گی۔ اس لیے سب کو ٹھنڈے مزاج سے اپنی صورتحال سے آگاہ رکھیں گے تو امید ہے کہ گھر کے افراد آپ کی بات کو ضرور سمجھیں گے۔ بس صبر سے وقت کو گزارناآپ کے لئے بہتر ہے کیونکہ مشتری اور عطارد کو ملاپ کچھ عرصہ پہلے ہوا تھا‘ وہاں پر آنے والا سیارہ زحل جلدی ہی اس مقام کو چھوڑ دے گا تو صورتحال تیزی سے سنبھل جائے گی۔ امید ہے کہ اپنی یا اپنی اولاد کے رشتے کے خواہشمند افراد تیزی سے نئے رشتے میں بندھ جائیں گے اور ایک خاص بات کہ ستمبر کے شروع سے کچھ اہم روحانی سلسلے بھی بنیں گے جو کہ آپ کو روحانیات میں وہ مقام دلانے میں مددگار ہوں گے جس کی عرصہ دراز سے خواہش تھی۔ یہ بات بس آپ کے اور اللہ پاک کے درمیان ہی رہنی چاہئے۔ اکتوبر سے نومبر کا عرصہ اللہ کے حکم سے ہر اس شخص کو مشکل سے نکال دے گا جو عرصہ دراز سے خود کو بندش‘ جادو ٹونے اور بدنظری کا شکار محسوس کر رہے تھے۔ قانونی معاملات سے نجات بھی ملے گی اور جو لوگ کسی بھی جرم میں ملوث ہوں یا جیل میں سزا ہی کیوں نہ کاٹ رہے ہوں مکھن سے بال کی طرح نکل کر رہا ہونے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ایک بات یاد رکھیں‘ مخالفین سے صلح کرنا بھی آپ کے حق میں بہتر رہے گا۔ ویسے بھی ناراض عزیز و اقارب خود آپ کو منانے کیلئے چلے آئیں گے۔ اللہ پاک ضرور آپ کو عزت سے نوازیں گے۔ ملازمت پیشہ افراد کیلئے اکتوبر کے شروع میں ہی خوشی کی خبر ہے۔ ترقی اور پھر من پسند جگہ تبادلے کا بھی روشن امکان ہوگا۔ خواہشمند افراد کی شادی کیلئے بھی یہ وقت بے حد خوبصورت ہوگا۔ انشاءاللہ مجموعی طور پر 2016ءایک اچھا روحانی اور مددگار سال ہوگا جو کہ برسوں بعد آپ کے دل کی مرادیں پوری کرے گا اور آپ دوبارہ نہایت شاندار پوزیشن پر آ جائیں گے۔ آپ نماز کی پابندی رکھیں اور روزانہ ہزار مرتبہ (اللہ) اور 450 مرتبہ (حسبنا اللہ و نعم الوکیل) ضرور پڑھ لیا کریں تاکہ کوئی پریشانی نہ آنے پائے۔

برج ثور (سیارہ مریخ)21 اپریل سے 20 مئی تکنام کے پہلے حروف: ب۔ و
2015ءبرج ثور والوں کیلئے ملی جلی کیفیت کا سال رہا۔ کبھی تو سب کچھ ٹھیک چل جاتا تھا اور کبھی ہر کام میں عین موقع پر آکر رکاوٹوں کا سامنا ہوتا تھا اور مالی حوالے سے تو مشکلات پورا سال ہی تنگ کرتی رہی ہیں۔ اب بحکم اللہ آپ کی زندگی میں 2016ءکا سورج چمک رہا ہے اور اس بار یہ کافی مختلف ہوگا۔ جنوری سے مارچ تک کا تمام عرصہ آپ پر جاری ہر قسم کی بندش‘ جادو ٹونہ اور دیگر اثرات سے نکالنے میں انشاءاللہ بے حد مددگار ہوگا۔ آپ گزشتہ سات سالوں سے اس قسم کے اثرات میں چل رہے تھے کبھی یہ تیز ہو جاتے تھے اور کبھی کم مگر آپ کے ساتھ ساتھ رہتے ضرور تھے۔ لیکن آپ سے کوئی نیکی ہوئی‘ جو آپ پر قدرت مہربان ہو رہی ہے۔ ستاروں کی ساری پوزیشن اس بات کی گواہی دے رہی ہے کہ مارچ کے آخر تک کسی بھی قسم کا کوئی اثر باقی نہیں رہے گا۔ اس میں سب سے پہلے آپ کو اپنی صحت میں بہتری بڑے واضح انداز میں محسوس ہوگی اور آپ کے کاموں میں جو نحوست کی وجہ سے رکاوٹیں آئی تھیں‘ وہ ختم ہوجائیںگی اور گھریلو ماحول بھی ٹھیک ہوتا چلا جائے گا۔ آپ نے بس نماز کی طرف توجہ دینی ہے۔ کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ باوضو رہا جائے اور جھوٹ سے ہر ممکن احتراز کریں۔ حقوق العباد کے حوالے سے نہایت سنبھل کر چلیں۔ اگلی سہ ماہی اپریل سے جون تک آپ کیلئے بے حد اہم ہوگی۔ پہلے تین ماہ کی کوشش اور محنت کا پھل اب اپریل کی ابتدا سے ہی ملنا شروع ہو جائے گا۔ اس کا اندازہ آپ کو ایک بڑے مالی فائدہ سے بھی ہوگا۔ آپ اس دوران پرائز بانڈ کی خریداری ضرور کریں ۔ کاروباری حضرات جیسے تیسے خود کو اپریل تک کسی بھی قسم کی تبدیلی کیلئے روک کر رکھیں۔ اپریل سے کاورباری حالات اس انداز سے تبدیل ہوں گے جیسے کہ قدرت اپنی پوری مہربانیوں کے ساتھ آپ کی مدد کررہی ہے۔ اللہ کے حکم سے تمام مالی پریشانیاں تیزی سے ختم ہوں گی۔ جتنے بھی لوگ قرض میں ڈوبے ہوئے تھے وہ بھی تیزی سے قرض سے آزاد ہونا شروع ہو جائیں گے۔ بے کار افراد کام پر لگ جائیں گے‘ تعلیمی پریشانیاں ختم ہوں گی۔ اس دوران جو رزلٹ آیا وہ کامیابی سے ہمکنار کروائے گا اور اولاد کے رشتے کے حوالے سے بھی آپ کو بحکم اللہ آسانیاں ملیں گی۔ بعض کا تو من پسند جگہ رشتہ طے پا جائے گا۔ جو لوگ عرصہ دراز سے مختلف قسم کی بیماریوں کا سامنا کر رہے تھے ان کو بھی تیزی سے شفا ملنا شروع ہو جائے گی۔ جون میں پرائز بانڈ کی خریداری کرنا بے حد اہم رہے گا۔ بڑے انعام کے ہاتھ آنے کی توقع بھی ہے۔ جولائی سے ستمبر تک عرصہ تھوڑا سا محنت طلب ہوگا۔ پراپرٹی کے معاملات کا حل بھی ان دنوں نکلے گا۔ جو لوگ جوائنٹ فیملی سسٹم میں زندگی گزار رہے ہیں‘ ان کیلئے الگ گھر کی خوشخبری ہوسکتی ہے۔ وراثت کے حوالے سے بھی رقم کا ہاتھ میں آنا بڑی کامیابی ہوگی۔ مقدمے وغیرہ کے معاملات کا خصوصی خیال اور اپنے مخالفین پر گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ کسی پر ایک لمحہ کیلئے بھی اعتبار نہ کریں۔ کاورباری ثور حضرات خاص طور پر شراکت کا کام کرنے والے بے حد ہوشیاری سے چلیں۔ یاری دوستی سے دور رہنے اور اپنے معاملات بھی راز میں رکھ کر چلنے کی اشد ضرورت ہوگی۔ جو لوگ دل لگی کے چکروں میں پڑے ہوں گے۔ ان کو اپنا قبلہ درست رکھ کر چلنے کی ضرورت ہوگی۔ اپنے قدم واپسی کی جانب کرلیں گے تو زیادہ بہتر رہے گا۔ ویسے بھی محبت میں کامیابی کیلئے یہ وقت مناسب ہی نہیں ہوگا۔ والدین بھی نیٹ پر بیٹھنے والے بچوں کی خاص نگرانی کریں تاکہ شروع وقت میں ہی ان کی لگام پکڑی جاسکے۔ اکتوبر سے نومبر کا عرصہ ایک مرتبہ پھر آپ کیلئے بہتری کی خبریں لے کر آئے گا۔ عطارد مشتری شمس کا حسین ملاپ بھی ہوگا اور خود آپ کا برج پراپرٹی کے خانے میں بھی جائے گا۔ عطارد شمس مشتری کے ملاپ سے عزت‘ دولت‘ شہرت کے حصول میں کامیابیاں ملیں گی۔ غیر متوقع پیسہ ہاتھ آنے کے علاوہ دی ہوئی رقم کی واپسی بھی ممکن ہوگی اور کسی عزیز دوست کی طرف سے بھی حیران کن طور پر مالی فائدہ ہوگا۔ بہرحال ان دنوں ساون کی برسات کی طرح پیسوں کی آمد ہوگی اور کھوئی ہوئی عزت بھی بحال ہوگی۔ اصل میں پیسے میں بڑی طاقت ہوتی ہے۔ جب یہ ہاتھ لگے گا تو مطلب پرست لوگ بھی اردگرد جمع ہونا شروع ہو جائیں گے۔جو لوگ قانونی معاملات کا شکار چلے آ رہے تھے وہ نجات پالیں گے۔ ملازمت پیشہ افراد کی ترقی کے امکانات روشن ہوں گے۔ انکوائری وغیرہ سے نجات پا کر پوری طاقت کے ساتھ اپنے عہدے پر کام کریں گے۔ ریٹائر افراددوبارہ کسی اچھی جگہ کام پر لگ جائیں گے۔ اولاد کے مستقبل کے حوالے سے دسمبر خاص طور پر اہم رول ادا کرے گا۔ مجموعی طور پر 2016ءبرسوں کے بعد آپ کی زندگی میں خوشیاں لے کر آرہا ہے۔ اللہ نے چاہا تو ہر پریشانی اور مشکل سے نجات ملے گی اور مستقبل شاندار دکھائی دے گا۔ نماز کی پابندی ضرور رکھیں‘ درود پاک کو کثرت سے پڑھا کریں اور مطلب پرست لوگوں سے دور رہیں۔ انشاءاللہ سب اچھا ہی ہوگا۔

برج جوزا،سیارہ عطارد 21مئی سے 20جون ،نام کے پہلے حروف ق۔ک
برج جوزا والوں نے2015زیادہ تر بندش میں گزارا۔ہر کام میں رکاوٹوں کا سامنا تھا۔جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے تھے ناکامی ملتی تھی۔کچھ آپ کے مزاج میں بھی شدید غصہ رہتا تھا تو بہت سے لوگوں سے ناراضگی بھی مول لے رکھی تھی۔آسان لفظوں میں یہ کہ مشکل وقت رہا ہے۔اب2016کا آغاز ہوچکا ہے آپ نے اللہ پاک کے حضور جو امید یں وابستہ کر رکھی ہیں۔انشاءاللہ وہ ضرور پوری ہوں گی۔جنوری سے لے کر مارچ کا عرصہ آپ کی پلاننگ کا ہے۔آنے والے دنوں کی منصوبہ بندی ساتھ ساتھ چلتی رہے تو ہر کام میں آسانیاں ملتی جائیں گی۔ستاروں کی قدرتی چال بتاتی ہے کہ آپ کی بندش کا خاتمہ فروری کے وسط تک ہو جائے گا۔آپ اس وقت تک حسب توفیق راشن کی صورت میں صدقے کا عمل جاری رکھیں۔ ہر قسم کے پر خطر کام ،ناجائز آمدن اورغیر قانونی معاملات آپ کے لیے زبردست نقصان دہ ہیں۔ان کو چھوڑنا ہی آپ کے لیے اچھا رہے گا جو لوگ توبہ کا سہارا لے کر نیت نیک رکھ کر چلتے رہیںگے۔انشاءاللہ اس وقت کو بڑے آرام سے گزار لیں گے۔ا ور اس بات کا بھی خاص خیال رہے کہ صاحب اولاد افراد کو اپنی اولاد کے ہر معاملہ پر گہر ی نظر رکھنا ہوگی ان کو تھوڑا سا موقع بھی نہیں دیناچاہیے کہ وہ کسی غلط کام میں پڑیں۔آپ کی معمولی سے سختی ان کے مستقبل کو سنوارنے میں بحکم خدا خاص طور پر کام کرے گی۔اورجو لوگ لاپرواہی سے کام لیں گے وہ اس کا انجام چند دنوں میں ہی دیکھ لیں گے۔بہرحال آپ کو پہلے تین ماہ نہایت پر سکون طریقے سے گزارنے اور ہر معاملے میں اپنی آنکھیں کھلی رکھنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔یہ صبرو تحمل کا وقت ہوگا آپ کو اس کے فائدے انشاءاللہ آگے چل کر ضرور دکھائی دیں گے۔جو لوگ بیمار ہیں وہ مسلسل صدقے کا سہا را لے کر چلیں۔اپریل سے جون کا عرصہ قدرے بہتر ی لے کر آئے گا۔شروع اپریل میں ہی ستاروں کی چال تیزی سے آپ کے حق میں ہو کر اپنے رنگ دکھانے شروع کردے گی۔آپ کو اس کا اندازہ اپنے روزگار کو دیکھ کر ہو جائے گا۔کہاں آپ پیسے پیسے کے لیے پریشان رہتے تھے۔اورکہاں اضافی رقم ہر وقت آپ کے پاس موجود ہوگی۔کاروباری افراد کو روزانہ کی بنیاد پر فائدہ حاصل ہوگا۔اورجولوگ اس دوران اپنا نیا کام شروع کریں گے ان کو خاص طور پر برسوں بعد شاندار قسم کی آسانیاں ملیں گی کہ عقل حیران رہ جائے گی۔یہ وقت مدت سے رشتے کے انتظار میں بیٹھے ہوئے لوگوں کا رشتہ بھی طے کروائے گا۔اوراکثر افراد کا من پسند جگہ طے ہوگا۔محبت کی کامیابی کے لیے بھی یہ موزوں وقت ہوگا۔ایک پرانا دوست ان دنوں اچانک نمودار ہوگا۔اورآپ کی زندگی میں ایک زبردست وسیلے کا کام کرکے چند دنوں میں غائب بھی ہو جائے گا۔سمجھ لیں کہ یہ سب قدرتی مدد ہوگی۔تعلیمی لحاظ سے بھی دن اچھے ہوں گے۔انکوائری مقدمے وغیرہ سے نجات ملے گی۔ملازمت پیشہ افراد کی ترقی کے امکانات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔جو لوگ اس دوران بھی فائدہ حاصل نہ کرسکیں۔یا قدرے بہتری میں نہ لاسکیں ان کو اپنے معاملات کو اچھی طرح چیک کر کے استخارے کی مدد بھی لے لینی چاہیے کہ رکاوٹ یا بندش ختم نہ ہونے کی اصل وجہ سامنے آجائے۔بہر حال ایسا ہونے کے امکانات کم ہوں گے۔جولائی سے ستمبر کا عرصہ بھی اہم ہوگا۔یہ عرصہ سفر سے متعلق کاموں میں بہتری دے گا۔جو لوگ تعلیم یا روزگار کے لئے ہر دن ملک جانے کے خواہشمند ہوں گے۔وہ ضرور اپنی کوشش کریں۔تھوڑی سی کوشش سے ہی کامیابی ملنے کے امکانات روشن ہوں گے۔شروع جولائی میں آپ کو سب سے زیادہ اس بات کا فائد ہ ہوگا کہ آپ برسوں سے جاری جس بندش کو توڑنے میں ناکام رہے ہیں وہ بحکم اللہ ضرور ٹوٹے گی۔چاہیے وہ قدرتی ہو یا کسی جانب سے شرارت ہی کیوں نہ ہو۔اگست میں نیا رشتہ طے ہونے کا امکان ہوگا۔اولاد کے مستقبل کے حوالے سے یہ دن بہت اہم ہونگے جو لوگ رہائش کی تبدیلی چاہتے ہیں ان کے لیے بھی انشا ءاللہ آسانیاں پیدا ہوںگی۔یہاں ممکن ہے کہ آپ کو ہر سطح پر تبدیلی ملے اس لیے اپنے آپ کو ذہنی طور پر تیار رکھیں۔اکتوبر سے دسمبر کا عرصہ ملی جلی کفیت کا حامل ہوگا۔اس عرصے میں سارے کام ہی آپ کی نیت کے مطابق ہوں گے۔چونکہ زائچے میں قمر بھی روحانی مقام پر ہوگا اورزھرہ بھی ۔ان کی پاور اتنی تیزہوگی کہ آپ کو صرف جائز کاموں میں ہی کامیابی ملے گی۔اورہر بڑے کام کو شروع کرنے سے پہلے حاجت کے دو نفل پڑھ لیا کریں کامیابی قدم چومے گی۔لیکن یہاں اس بات کو بھی یاد رکھیں کہ جہاں آپ نے غیر قانونی غیر شرعی کام کیا وہاں آپ کی فوراً پکڑ بھی ہو جائے گی۔نومبر میں عطارد اور مشتری کے ملاپ سے آپ کو وقفے وقفے سے زبر دست قسم کے مالی فائدے ہوں گے۔عقل کا مناسب استعمال آپ کو بڑی شاندار پوزیشن پر لے آئے گا۔اوربے وقوفی سے آپ مفت کی دولت کو کھو کر صفر پر آ سکتے ہیں۔جو لوگ بے اولاد ہیں وہ اس عرصہ میں بحکم اللہ اولاد کی خوشخبری سن سکیں گے۔مجموعی طور پر 2016میں زائچے کی پوزیشن کافی حد تک آپ کے حق میں جاری ہے۔نیت کا عمل دخل زیادہ ہوگا۔آپ نماز کی پابندی رکھیں۔ہر فرض نماز کے بعد (اللہ الحسیب)200بار اور (یا سلام یا مومن یااللہ)100بار پڑھنا روٹین بنالیں۔انشاءاللہ سب اچھاہو جائے گا۔

برج سرطان 21 جون سے 20 جولائی)سیارہ چاند۔ نام کے پہلے حروف= ح۔ہ
برج سرطان والوں کیلئے 2015ءاتنا مشکل سال نہ تھا جو انہوں نے اپنی غلطیوں کی وجہ سے بنا ڈالا اور پھر ایک غلطی کی تو اس کو ٹھیک کرنے کے چکروں میں مزید بے شمار غلطیاں کرکے اپنے لیے بے حد مشکلات پیدا کرلیں اور ابھی تک اسی پریشانیوں میں چلتے آ رہے ہیں۔ اب 2016ءکا آغاز ہو رہا ہے اس میں سب سے پہلا مشورہ تو یہ ہے کہ آپ کیلئے مزید کسی بیوقوفی اور غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔ آپ کی بعض نیکیاں ہی تھیں جن کی وجہ سے آپ کو قدرت نے آپ کی غلطیوں کے باوجود محفوظ رکھا۔ مگر یاد رکھیں کہ ہر چیز کی حد ہوتی ہے اور اب ہر قدم پھونک پھونک کر رکھیں تو ہی اچھا ہے۔ 2016ءکے آغاز سے مارچ تک کا عرصہ صرف اپنی اصلاح اور سابقہ معاملات کو ٹھیک کرنے کا ہے۔ آپ نے اگر اب اپنی اصلاح کرنی ہے تو سمجھ لیں کہ جو کھویا تھا وہ واپس مل جائے گا ورنہ جو ہے اس سے بھی جائیں گے۔ یہ ایک زبردست قسم کی وارننگ ہے۔ فروری کے شروع سے 16 فروری تک قانونی معاملات اور مقدمہ بازی سے دور رہیں۔ دل کے معاملات کو بھی مکمل قابو میں رکھیں۔ عشق و محبت آپ کے بس کا روگ نہیں ہے۔ اس میں ماسوائے بدنامی کے آپ کیلئے کچھ اور نہیں ہے۔ دشمن یا مخالفین سے مقابلہ کرنے کی بجائے آپ ان سے بھی دوری اختیار کریں۔ عزت کو شدید دھچکا پہنچ سکتا ہے ایک سچی توبہ کرکے اس پر قائم رہیں۔ نماز کی پابندی کریں جو کہ قربت الٰہی کا احساس دلائے گی۔ جیسے تیسے آپ مارچ تک کا وقت گزاریں۔ جونہی اپریل کی یکم تاریخ آئے گی بحکم اللہ زائچے کی پوزیشن ہی بدل جائے گی۔ پچھلا وقت اگرچہ بہت سخت تھا مگر اب غلطیاں نہ کرنے کی صورت میں یہ وقت اللہ کے حکم سے آپ کی زندگی میں ایک خوشگوار تبدیلی لے کر نمودار ہوگا۔ اندازہ ہے کہ آپ کی سب سے بڑی ضرورت اس وقت پیسہ ہے اور پچھلے سال بھی آپ نے اپنے ہاتھوں ایک بہت بڑی رقم ضائع کردی تھی۔ اب آپ نے مکمل توکل اختیار کرکے چلنا ہے۔ ہر کام میں اللہ پاک کی رضا شامل کرنی ہے اور روزانہ (حسبنا اللہ و نعم الوکیل) 450 مرتبہ پڑھنا ہے۔ امید ہے کہ آپ کی ڈوبی ہوئی رقم کا حصول ممکن ہوگا۔ اگر ایسا نہ ہوا تو بھی اتنی بڑی رقم آپ کے ہاتھ لگے گی کہ سابقہ سارے دکھ درد بھول جائیں گے مگر باربار کہا جارہا ہے کہ نیت کا عمل دخل اہم ہوگا۔ جو لوگ قانونی معاملات کا شکار ہیں وہ اس سے آزاد ہوں گے۔ جیل میں بند افراد کی رہائی بھی ممکن ہوگی۔ مقدمے بازی سے نجات ملے گی جن کی اولاد جو کہ کافی حد تک ہاتھوں سے نکل چکی تھی وہ اس مالک کائنات کی ہدایت پر انشاءاللہ سیدھے راستے پر آ جائے گی۔ جولائی سے ستمبر کا عرصہ روزگار کے حصول کے حوالے سے محنت طلب ہوگا۔ آپ جتنا گڑ ڈالیں گے میٹھا بھی اتنا ہی ہوگا۔ آپ نے جولائی کے آغاز میں ہی جب مشتری اپنے عروج کی جانب سفر شروع کرے تو صرف اور صرف اپنے روزگار کی طرف توجہ دینی ہے۔ خانگی مسائل میں ان دنوں وقت ضائع مت کریں چھوٹے موٹے مسئلے چلتے رہتے ہیں۔ روزگار کو بہتر بنانے کے اتنے اچھے مواقع پھر نہیں ملیں گے۔ جو لوگ اپنے پرانے کاروبار کو مکمل ختم یا تباہ کر بیٹھے تھے وہ اس دوران نیا کام شروع کردیں۔ اللہ نے چاہا تو اندازے سے بھی زیادہ کامیابی ملے گی۔ جو لوگ ایک نوکری سے اپنی ضرورتیں پوری نہیں کر پا رہے تھے ان کیلئے انشاءاللہ دوسری نوکری کا بندوبست ہو جائے گا۔ اصل میں یہ درمیانی وقت صرف روزگار کیلئے ہی موزوں ہے بس اور پھر اکتوبر سے دسمبر کا ایک شاندار وقت آپ کو ملے گا اور اللہ نے چاہا تو یہ وہ وقت ہوگا جو آپ کافی سالوں سے تلاش کر رہے تھے۔ اس میں زائچے کے 12 میں سے 9 گھر آپ کے حق میں ہوں گے۔ یہ بڑی شاندار پوزیشن ہوتی ہے۔ آپ کو روزگار، پیسہ، عزت، شہرت، اولاد کا سکھ، مخالفین سے نجات، اپنوں سے اچھی خبریں، انشاءاللہ ان سب میں حیران کن طریقے سے کامیابی ملے گی۔ جن کی نوکری چھن گئی تھی، نوکری بحال ہو جائے گی۔ عدالتی اور قانون کے ہر معاملے سے نجات ملے گی۔ روزگار کے بہترین اور شاندار مواقع سامنے آئیں گے‘ اچھے بھلے کی تمیز ہوگی۔ مطلب پرست لوگ بھاگ جائیں گے، بے اولاد جوڑوں کو اولاد کی خوشخبری ملے گی۔ اندرون اور بیرون ملک سفر ہوں گے، مبارک سفر بھی سامنے آسکتا ہے۔ جو لوگ بیرون ملک بیروزگار ہیں وہ واپسی کا راستہ تلاش کر رہے تھے۔ ان کو حیثیت سے بھی زیادہ اچھی نوکری مل جائے گی۔ جن کے ازدواجی تعلقات بری طرح خراب ہوچکے تھے، ان میں صلح اور قدرتی پیار ہو جائے گا۔ خواہشمند افراد کے رشتے کی بات طے ہوسکتی ہے اور نئے مکان کی خریداری کا سلسلہ بھی بحکم اللہ بن سکتا ہے۔ غرض کے آخری تین ماہ زندگی کو بدلنے میں بحکم اللہ مثالی ہوں گے۔ مگر آپ کی نیت کا عمل دخل میں سب سے اہم ہوگا۔ مجموعی طور پر 2016ءایک شاندار سال ہوگا۔ شروع میں تو نہیں البتہ درمیان میں جاکر وہ سب کچھ ملنا شروع ہو جائے گا جس کی آپ تمنا کر رہے تھے۔ صبر اور حوصلے سے چلیں گے تو منزلیں آسان ہوتی چلی جائیں گی۔ آپ نماز کی پابندی ضرور رکھیں تاکہ روحانی قوتیں ساتھ دیتی رہیں۔ روزانہ ایک ہزار مرتبہ (اللہ) کا ورد کرنے والوں۔ (بسم اللہ، یانصیرُ ، یا ولیُ، یاحیُ یا قیوم) 100 مرتبہ پڑھنا معمول بنالیں۔ اللہ پاک مہربانی فرمائیں گے سارا سال برکتیں ہی رہیں گی۔

برج اسد (21 جولائی سے 21 اگست تک)سیارہ شمس۔ نام کے پہلے حروف= م۔ ٹ۔
برج اسد والے 2015ءمیں ملی جلی کیفیت کا شکار رہے ہیں۔ کبھی کبھی شدید ڈپریشن اور کبھی مالی پریشانیوں اور اولاد کے مسائل نے تنگ کئے رکھا اور بعض اوقات غیر متوقع حالات خوشی کا باعث بھی بنے۔ اب 2016ءکا آغاز ہو رہا ہے اس میں جنوری سے مارچ کا عرصہ ملی جلی کیفیت کا حامل ہی رہے گا۔ آپ کو کبھی کسی کام میں زبردست کامیابی ملے گی اور کبھی عین موقع پر آکر رکاوٹوں کا سامناہوگا۔ اصل میں آپ کا ستارہ ہی ایسا ہے، اس میں آگ ہے جو بہت کچھ جلا دیتی ہے۔ آپ تھوڑا سا اپنے غصے کو قابو میں رکھا کریں۔ بات بات پر یوں لڑنا اور ناراض ہونا ٹھیک نہیں ہے۔ اس مشورے کو دماغ میں رکھ کر چلیں۔ پہلی سہ ماہی میں آپ کو جو بھی آفر ملے اس کو اللہ پاک کا نام لے کر قبول کرلیں۔ جیسے حالات ہیں اس میں جو بھی ہاتھ لگے وہ غنیمت ہے۔ آگے چل کر پھر صورتحال تبدیل ہوگی فی الحال جیسے تیسے وقت کو چلانا تو ہے اور ضرورتیں پوری بھی کرنا ہے۔ آپ نے ہفتے میں کم سے کم دو بار کیڑوں مکوڑوں کو خوراک ڈالنی ہے اور دوبار ہی اپنی نظر بھی اتارنی ہے۔ راز کی باتیں کسی سے نہ کریںخاص طور پر اپنے گھر کی بات اور جو بھی رزق ملے اس پر شکوہ نہیں کرنا ہے۔ اصل میں پہلے تین ماہ آپ کے صبر کا امتحان ہے اور اس امتحان سے نکل گئے تو آگے کس طرح ستاروں کی چال آپ کو فائدہ دیتی ہے انشاءاللہ خود ہی اندازہ ہو جائے گا۔ خانگی مسائل پر بھی توجہ دیں، اپنے ہونے کا احساس بھی دلائیں ۔ قرض وغیرہ لینے سے گریز کریں۔ اپریل سے جون کے عرصے میں ستاروں کی پوزیشن تبدیل ہوتی رہے گی۔ بعض اوقات بے یقینی کی کیفیت بھی آئے گی مگر صبر کا دامن ہاتھ سے مت چھوڑیں۔ یہ کیفیت دنوں پر نہیں بلکہ گھنٹوں پر بھی ہوسکتی ہے۔ اس کا انعام کیا ہوگا آپ جانتے تو پھر ساری عمر بھی صبر کو تیار ہوتے۔ بہرحال آپ کے ذاتی برج میں عطارد کا ایک مثالی گزر ہوگا اور قمر کے ساتھ ساتھ راہو بھی اس کو یہاں پر پاور دے گا۔ آپ کو مالی معاملات کے حوالے سے ایک شاندار وقت نصیب ہو گا آپ کی نوکری ہو یا کاروبار دونوں حوالوں سے بے شمار پیسہ ہاتھ لگنے کے امکانات روشن رہیں گے اور بعض افراد کو تو بڑے پرائز بانڈ میں جیک لگ سکتے ہیں۔ بیروزگار افراد بڑے اچھے کام پر لگ جائیں گے۔ قرض میں پھنسے ہوئے آزاد ہوں گے اور بعض کو اپنی ذاتی رہائش بنانے کا موقع بھی ملے گا۔ یہ عرصہ آپ کی زندگی میں حیران کن تبدیلی لائے گا۔ بے شمار مسائل سے نجات ملنے کی امید بھی ہوگی آپ بس خاموشی سے نظارے کریں۔ جولائی سے ستمبر تک کا وقت تھوڑا سا مختلف ہوگا یہاں پر میزان میں دلو بیٹھ جائے گا۔ جو سب سے زیادہ خرابی آپ کے دلی معاملات جذباتی پن اور من مانی کو ہوا دے رہا ہوگا۔ یعنی کہ اچھے بھلے لوگ جو سنجیدہ طبیعت کے حامل ہیں وہ بھی دل کے ہاتھوں مجبور ہوکر کسی غیر سے مراسم قائم کرسکتے ہیں اور یہاں پر سب سے بڑی خرابی آپ کا فون، انٹرنیٹ وغیرہ ہوسکتا ہے اور یہ ایک امتحان جیسا وقت ہوگا۔ جو لوگ اللہ سے پناہ مانگتے ہوئے اس امتحان والے وقت سے گذرگئے وہ ہی آگے چل کر منزلیں حاصل کرلیں گے اور جو اسی چکروں میں الجھ کر رہ گئے تو پھر کیا ستارے اور کیا زائچے کچھ بھی تو حاصل نہیں ہوگا آپ اچھی طرح سوچ لیں کیا کرنا ہے۔ اولاد کے حوالے سے بھی یہ دن بڑے اہم ہوں گے، ان کی جتنی نگرانی اور سختی کی جائے اتنی ہی کم ہوگی۔ آج کی تھوڑی سی محنت کل کی بے شمار پریشانیوں سے نجات ہے۔ اگر اولاد باغی ہو تو پھر آپ اللہ پاک کا نام لے کر ان کی مرضی کے مطابق قدم اٹھا لیں اور فیصلہ اپنے اللہ پاک پر چھوڑ دیں۔ اکتوبر سے دسمبر کا وقت بھی تقریباً اچھا ہی رہے ہوگا لیکن اس میں زیادہ تر خانگی مسائل نے بار بار سر بھی اٹھانا ہے اور ملازمت کی تبدیلی کے امکانات بھی ہوں گے البتہ بیماری سے نجات ملے گی۔ اس کیلئے صرف جانوروں اور پرندوں کو خوراک ڈالنے کا عمل جاری رکھیں۔ جو لوگ اپنے بچوں کے رشتے میں برسوں سے بندش محسوس کرتے چلے آ رہے ہیں ان کو بغیر محنت کئے گھر بیٹھے ہی رشتوں کا حصول ممکن ہوگا۔ حضرت علیؓ کا فرمان ہے کہ جب کوئی کام ہونے والا ہوتا ہے تو پھر اللہ پاک اس کے اسباب بھی خود بخود پیدا فرما دیتا ہے۔ انشاءاللہ آپ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوگا۔ تیزی سے آپ کے ہر کام میں بہتری آئے گی۔ قانونی معاملات، لڑائی جھگڑے اور فتنہ فساد کا خاتمہ ہوگا۔ مخالفین سے زیادہ تر صلح کا امکان ہے۔ اگر صلح نہیں کریں گے تو وہ خود بخود بھاگ جائیں گے۔ بہن بھائیوں کے درمیان وراثت کے امور بھی انہی دنوں طے پانے کا امکان ہے والدین کی صحت کا خیال رکھیںاور اپنے پورے گھر والوں کیلئے حسب توفیق صدقہ بھی دیتے رہا کریں۔ اس سے اور بھی بلائیں انشاءاللہ دور ہوں گی۔ مجموعی طور پر 2016ءآپ کیلئے اچھا اور اچھی تبدیلیوں کا سال بھی ہے۔ شروع شروع میں قدرے مشکلات ہیں ضرور مگر اللہ نے چاہا تو دن بدن بہتری ملتی چلی جائے گی۔ آپ نے بس اپنے دل پر قابو رکھنا ہے باقی اللہ پاک پر چھوڑ دیں، نماز کو کسی صورت نہ چھوڑیں اور تیسرے کلمے کا ورد جاری رکھیں کوئی پریشانی تنگ نہیں کرے گی انشاءاللہ۔

برج سنبلہ (22 اگست تا 22 ستمبر)سیارہ عطارد۔ نام کے پہلے حروف= پ۔غ۔
2015ءمیں برج سنبلہ والوں کو سارا سال بندش، بدنظری اور دیگر بے شمار مسائل کا سامنا رہا۔ مالی معاملات میں تو پریشانیاں اپنے عروج پر رہیں۔ بس اللہ اللہ کرکے سال کا اختتام ہوا۔ اب 2016ءکا آغاز ہوگیا ہے یہ سال اللہ کرے کہ ان کیلئے خوشیوں کا پیغام لائے اور پریشانی سے نجات ملے آمین۔ جنوری سے مارچ تک کا عرصہ آپ کیلئے بے حد اہم ہے۔ اس میں آپ نے سب سے پہلے خود بندش وغیرہ توڑنے کی کوشش کرنی ہے۔ یہ بندش چاہے کسی طرف سے شرارت کی وجہ سے ہو یا پھر قدرتی طور پر۔ بہرحال ان سے نجات کا ذریعہ تو واحد اللہ کا فضل و کرم ہی ہے۔ آپ سال کے آغاز میں ہی تین چھٹانک کالے ماش میں تھوڑی سی شکر ملا کر اس کو اپنے اوپر سے وار کر کیڑوں مکڑوں کو ڈال دیں۔ اس کے بعد پہلے تین ماہ آپ نے ہر ہفتے ایک کلو شکر لے کر اس کو مقامی قبرستان میں کیڑوں مکوڑوں کو ڈالنے کا عمل جاری رکھنا ہے۔ نماز کی پابندی کرنا ہے۔ جنوری میں ہی 21 یوم روزانہ سورة البقرہ کی تلاوت کرنی ہے اور صبح شام (منزل) بھی پڑھنا ہے۔ 21 یوم کے بعد انشاءاللہ آپ ہر قسم کی بندش وغیرہ سے آزاد ہوچکے ہوں گے اور آپ کے بند راستے انشاءاللہ کھل جائیں گے۔ اس بندش نے ہی تو ستاروں کی پوزیشن کو آپ پر کسی صورت بھی اثرانداز نہیں ہونے دیا اور آپ کو زیادہ تر ناکامیوں کا سامنا رہا، آپ ہر ممکن کوشش کریں کہ باوضو ہوکر گھر سے نکلیں۔ کام اگر زیادہ ضروری ہے تو پھر حاجت کے دو نفل بھی ضرور پڑھ لیا کریں۔ آپ کو بس ان چیزوں کا خیال رکھنا ہے باقی سب اپنے اللہ پاک پر چھوڑ دیں۔ اپریل سے جون تک کا عرصہ آپ کو کافی حد تک بہتری دیتا رہے گا۔ اپریل کے آغاز سے ہی دو اہم ستاروں کا ملاپ ہوگا جو کہ زندگی میں ہر سطح پر خوشگوار تبدیلیوں کا آغاز کردے گا۔ چونکہ آپ پہلے عرصے میں اپنی بندش کو توڑنے میں کامیاب ہوچکے ہوں گے اس لیے ستاروں کی یہ پوزیشن آپ کیلئے آگے کے راستے بحکم اللہ کھول دے گی۔ اس وقت آپ کو جس بھی قسم کی آفر آئے اس کو اپنے ہاتھ سے نہیں جانے دینا اور ہر چھوٹے چھوٹے قسم کے فائدے کو بھی اپنے ہاتھ میںر کھنا ہے اس کیلئے چاہے ضرورت سے زیادہ محنت کرنا پڑے۔ قطرہ قطرہ مل کر دریا بنتا ہے اور یہ آپ کیلئے بہت اہم ہوں گے۔ ملازمت ملنے کے خواہشمند افراد کو خوشی کی خبر ملے گی۔ ایک وقت میں دو جگہ پر بھی کام کرنے کی خواہش پوری ہوسکتی ہے اور روزگار کے حوالے سے اندرون ملک چھوٹے موٹے سفر بھی کرنا پڑ سکتے ہیں۔ جو لوگ اس وقت کی قدر کرلیں گے وہ آگے چل کر اپنے لیے بحکم اللہ بے حد آسانیاں پیدا کرلیں گے۔ اولاد کے مستقبل کا فیصلہ بھی ان تین ماہ میں ممکن ہے اور من پسند جگہ رشتہ طے ہونے کی امید بھی ہے۔ بعض لوگوں کو ممکن ہے کہ بیرون ملک سے ہی رشتہ ملنے کا امکان بھی ہوگا۔ اولاد کی خواہش رکھنے والوں کی خواہش بھی انشاءاللہ ضرور پوری ہوگی‘ بس قانونی معاملات سے دور رہنا ہے۔ کسی یار دوست کی اس سلسلے میں مدد بھی نہیں کرنی، ضمانت نہیں دینی اور ناجائز آمدن اگر ہاتھ آئے تو اس سے بھی دور بھاگنا ہے۔ باقی حالات کے مطابق خاموشی سے قدم اٹھاتے رہنا ہے۔ جولائی سے ستمبر کا وقت مزید آسانیاں لائے گا اور اس میں آپ کو روزگار کے نئے نئے مواقع ملنا شروع ہو جائیں گے۔ جو لوگ خود اپنا کام شروع کریں گے وہ زیادہ بہتر نتائج حاصل کریں گے۔ بس لوہے اور سونے کے علاوہ جس مرضی کاروبار میں ہاتھ ڈال سکتے ہیں۔ گھریلو ٹینشن کا خاتمہ ہوگا اور خانگی جھگڑوں کا اختتام بھی ہو جائے گا۔ نئے رشتے طے ہونے کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔ ان دنوں دل کے معاملات پر قابو ضرور رکھیں، شرارتوں سے گریز کریں اور اپنی عزت کا خاص طور پر خیال رکھیں۔ جو لوگ بیمار ہیں وہ روحانی علاج کی طرف توجہ دیں، اس سے زیادہ جلدی شفایاب ہوں گے۔ اکتوبر سے دسمبر کا عرصہ تو ٹھیک رہے گا مگر اس میں آپ کو رسک لینے سے گریز کرنا ہوگا۔ کوئی کتنا بھی قریب کیوں نہ ہو اس پر اعتبار نہیں کرنا۔ قرض لینے اور دینے پر بھی خیال رکھنا ہے بذریعہ چیک تو ہرگز کسی کو رقم نہ دیں۔ جو لوگ اپنی شادی یا اپنی اولاد کا رشتہ یا شادی طے کرنے جا رہے ہیں وہ اچھی طرح تسلی ضرور کرلیں۔ ہر معاملے کو چیک کرنا ہے چاہے لڑکے کی شادی ہو یا لڑکی کی۔ یاد رکھیں کہ اعتبار، اعتماد، بھروسہ دوسروں پر نہیں کرنا یہ صرف اللہ پاک پر کرنا ہے۔ خواہشات کو تھوڑا سا نیچے لائیں اور تعلیم کے معاملات کو زیادہ مدنظر رکھیں باقی اللہ پاک ہی بہتر کریں گے۔ جو لوگ کسی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا سوچ رہے ہیں وہ ایسا کرنے سے گریز کریں صرف اپنا ذاتی کام کریں چاہے وہ کم سطح پر ہی کیوں نہ ہو۔ ریٹائر ہونے والوں کو دوبارہ نوکری ملنے کا چانس بھی ہے اور گھر کی تبدیلی کے حوالے سے بھی یہ دن انشاءاللہ بڑے ہی اہم ثابت ہوں گے۔ جو لوگ وراثت ملنے کے انتظار میں تھے تو وہ ضرور اس عرصے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ مجموعی طور پر 2016ءاچھا سال ہے۔ اس میں کامیابیوں کا گراف زیادہ ہے مگر ساتھ ساتھ بندش پر بدنظری وغیرہ سے بچاﺅ کیلئے روحانی حل کو ساتھ لے کر چلنا ہی ہوگا تاکہ زندگی کے امور میں کام میں رکاوٹیں پیش نہ آئیں۔ نماز کی پابندی لازمی کریں۔ ہر نماز کے بعد (یاحیی یا قیوم) 100 بار پڑھیں اور درود پاک کو چلتے پھرتے پڑھنا بھی اپنا معمول بنالیں۔ اللہ پاک مہربانی فرمائیں گے انشاءاللہ۔

Check Also

#paksa #paksa.co.za چینی انجینئر رائیونڈ سے پسند کی لڑکی بیاہ کر لے گیا

لاہور، رائیونڈ (ویب ڈیسک) چینی انجینئر رائے ونڈ سے پسندکی لڑکی بیاہ لے گیا ،شادی …